بانی سے ملاقات نہ ہونے پر احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے: سہیل آفریدی
پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے پر احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔
پشاور میں پلوسی اور مسنگ لنک روڈ فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی، اسی لیے عوام نے انہیں تیسری مرتبہ حکومت کرنے کا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہر ہفتے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے، عظمت کی بحالی کے لیے 200 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں اور موجودہ منصوبے مکمل ہونے کے بعد مزید 200 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جان و مال کی بے مثال قربانیاں دیں، تاہم بند کمروں میں کیے گئے غلط فیصلوں کے باعث دہشت گردی دوبارہ لوٹ آئی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ضم اضلاع میں بدامنی ریاست کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور خیبرپختونخوا کو تجربہ گاہ بنا کر نئی پالیسیاں آزمائی جاتی رہیں، تاہم اب یہ پالیسیاں تبدیل ہوں گی اور 27-2026 صوبے میں امن اور ترقی کا سال ثابت ہوگا۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ اور دیگر متعلقہ اداروں سے رجوع کیا گیا مگر تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کرنے کے باوجود ملاقات ممکن نہیں ہو سکی اور نہ ہی مقدمات کی سماعت ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ احتجاج ان کی خواہش نہیں بلکہ آخری آپشن ہے، اگر تمام قانونی راستے بند کر دیے جائیں تو احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے۔
سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ 26 نومبر کو کارکنوں کو شہید کیا گیا، لیکن وہ پیچھے نہیں ہٹے، اور اگر دوبارہ احتجاج کرنا پڑا تو وہ سب سے آگے ہوں گے، پہلی گولی میرے سینے پر لگے گی۔