ماسکو میں فیض احمد فیض کو شاندار خراجِ عقیدت پیش، منیزہ ہاشمی کی کتاب کی رونمائی
ماسکو:(دنیا نیوز) پاکستان ہاؤس ماسکو میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کی میزبانی میں عظیم شاعر فیض احمد فیض کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی صاحبزادی منیزہ ہاشمی کی کتاب "Conversation with My Father" کی پروقار تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔
جس میں پاکستان کی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان، مختلف ممالک کے سفرا، روسی حکام، دانشوروں، پاکستانی کمیونٹی اور اردو زبان سیکھنے والے روسی طلبہ نے شرکت کی۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا کہنا تھا کہ فیض احمد فیض صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے شاعر ہیں، جن کا پیغام محبت، امن، انسان دوستی اور سماجی انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ منیزہ ہاشمی کی کتاب ایک بیٹی کی اپنے والد سے محبت اور عقیدت کا خوبصورت اظہار ہے، جو نئی نسل کو فیض کی شخصیت اور فکر سے روشناس کرائے گی۔
کتاب کی مصنفہ منیزہ ہاشمی نے کہا کہ "Conversation with My Father" ان یادوں، خطوط اور جذبات کا عکس ہے جو ان کے والد کے ساتھ تعلق کی عکاسی کرتے ہیں، ان کے مطابق فیض احمد فیض نہ صرف عظیم شاعر اور دانشور تھے بلکہ ایک شفیق، محبت کرنے والے اور مثالی والد بھی تھے۔
شرکا سے روس کی معروف ادیبہ اور مترجم لڈمیلا نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فیض احمد فیض کی شاعری آج بھی روس میں بے حد مقبول ہے، کیونکہ ان کا کلام امن، محبت اور انسان دوستی کا عالمگیر پیغام دیتا ہے۔
تقریب کا یادگار لمحہ اس وقت آیا جب اردو زبان سیکھنے والے روسی طلبہ نے فیض احمد فیض کا کلام خوبصورت انداز میں پیش کیا جس پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔
دوسری جانب تقریب کے اختتام پر کتاب کی باقاعدہ رونمائی کی گئی جب کہ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کی ادبی و ثقافتی سرگرمیاں پاکستان اور روس کے عوام کے درمیان دوستی، ثقافتی روابط اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔