حیدر آباد:پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے اقدامات تیز

حیدر آباد:پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے اقدامات تیز

ٹنڈو آغا کے علاقے میں فراہمی آب کی لائنوں پربڑے پیمانے پرمرمتی کام کا آغاز نگرانی خود ایکسین کررہے ہیں، بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی اولین ترجیح ہے ، طفیل ابڑو

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طفیل احمد ابڑو کی خصوصی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ میڈیا سیل حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں ٹنڈو آغا کے علا قہ میں فراہمی آب کی لائنوں پر بڑے پیمانے پر مرمتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ان مرمتی کاموں کی نگرانی (XEN) عابد حسین شیخ خود کر رہے ہیں۔ آپریشنل ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور بوسیدہ پائپ لائنوں کی تبدیلی و مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ علاقے کے مکینوں کو درپیش پانی کی قلت کا مسئلہ فوری طور پر حل ہو سکے۔

اس موقع پر سی ای او طفیل احمد ابڑو کا کہنا ہے کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ مرمتی کام کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ پانی سپلائی جلد از جلد بحال ہوسکے ۔ایکسین عابد حسین شیخ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹنڈو آغا میں جاری یہ کام اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور بہت جلد علاقے میں پانی کا پریشر اور فراہمی معمول کے مطابق ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں