جعلی دستاویزات بنانے والا غیرمجاز ٹریول ایجنٹ گرفتار

جعلی دستاویزات بنانے والا غیرمجاز ٹریول ایجنٹ گرفتار

بحرین جانے والا ایک مسافر مشکوک سفری دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) امیگریشن کراچی نے کارروائی کے دوران جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث غیرمجاز ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن عملے نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا اور جانچ پڑتال کی۔انہوں نے بتایا کہ جانچ پڑتال کے دوران پاسپورٹ کے ایک صفحے سے جعلی اسپین ویزا ہٹانے کا انکشاف ہوا جبکہ مختلف ممالک کے مشتبہ اور جعلی امیگریشن اسٹیمپس بھی پائے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ مسافر نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ غیر مجاز ٹریول ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف ممالک بھجوانے کے اشتہارات چلاتا تھا۔

ملزم کے موبائل فونز سے یورپی ممالک میں غیر قانونی امیگریشن، ڈنکی روٹس، جعلی ویزوں، افغان شہریوں کی بیرون ملک منتقلی اور کروڑوں روپے کے مالی لین دین سے متعلق اہم شواہد برآمد ہوئے ۔ ملزم کے قبضے سے متعدد سم کارڈز، اے ٹی ایم کارڈز، مختلف افراد کے تعلیمی و سفری دستاویزات، ویزوں کی تصاویر اور مشتبہ چیٹس بھی برآمد کی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں