سانگھڑ:15روز قبل پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی قتل

سانگھڑ:15روز قبل پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی قتل

مقتولہ کو2روز قبل نوشکی بلوچستان سے لایا گیا تھا، بھائی،سسراور ثالث گرفتارمقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج، مجرم کیفر کردار تک پہنچائینگے ، شازیہ مری

سانگھڑ(ڈسٹرکٹ ڈیسک)ضلع سانگھڑ میں غیرت کے نام پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 15 روز قبل پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کو بلوچستان کے ضلع نوشکی سے لاکر قتل کردیا گیا، واقعہ چک نمبر 81 مانگ میں پیش آیا۔ مقتولہ کے بھائی خمیسو کندانی، سسر فرید ابڑو اور ثالث احمد شاہ گرفتار کرلئے گئے ہیں، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ نے 15 روز قبل پسند کی شادی نوشکی کے علی نواز ابڑو سے کی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو دو روز قبل بلوچستان سے واپس لایا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے غیرت کے نام پر قتل کا مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج ہوگا، واقعے میں ملوث تمام مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا، غیرت کے نام پر معصوم بچیوں کا قتل برداشت نہیں کیا جائے گا۔شازیہ مری کے مطابق فرسودہ ذہنیت کے مالک لوگوں کوغیرت کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،ذاتی رنجش پر بھی عورت کو جواز بنا کر قتل اور فرسودہ سوچ کا سہارا لیا جاتا ہے ، پولیس شفاف تحقیقات کرے گی اور مضبوط کیس بنائے گی تاکہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے ۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور مضبوط مقدمہ تیار کیا جائے تاکہ ملوث ملزمان اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں