سانگھڑ میں بزرگ قتل، کشمور کے بازار میں نوجوان ذبح

سانگھڑ میں بزرگ قتل، کشمور کے بازار میں نوجوان ذبح

جھول کے علاقے میں گھات لگائے ملزمان کے 65سالہ طالب پرکوڈر سے وارذبح کئے گئے ارباز کی حالت نازک، کنڈیارو میں گاڑی کی ٹکر سے بچی جاں بحق

اندرون سندھ (نمائندگان) سانگھڑ میں بزرگ شخص کو قتل کردیا گیا، جبکہ کشمور کے بازار میں نوجوان کو ذبح کرکے ملزم فرار ہوگئے ، کنڈیارو میں گاڑی کی ٹکر سے بچی جاں بحق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سانگھڑ کے نواحی علاقے جھول تھانے کی حدود دھامرکی میں معمولی تنازع پر 65 سالہ شخص طالب خاصخیلی کو کوڈر کے وار کرکے قتل کر دیا گیا اور ملزم موقع سے فرار ہوگئے ، مقتول کے بیٹے کا کہنا ہے کہ میرا والد زرعی زمین سے گھاس اٹھا کر آرہا تھا کہ گھات میں بیٹھے افراد نے سر تن سے جدا کردیا۔ واقعہ کی اطلاع جھول پولیس کو دی گئی، پولیس نے نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم قربان وسان، حمید وسان کو گرفتار کرلیا، جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی۔ ادھر کشمور کے بھرے بازار میں نامعلوم افراد نے جکھرانی برادری کے نوجوان لڑکے ارباز ولد تنظیم جکھرانی کو ذبح کردیا اور فرار ہوگئے ، اطلاع پر ون فائیو پولیس نے پہنچ کر زخمی لڑکے کو ہسپتال منتقل کیا ،ہسپتال سے طبی امداد فراہم کر کے تشویشناک حالت میں رحیم یار خان کے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ کنڈیارو کے نواحی علاقے پڈعیدن کے قریب فل لنک روڈ، گاؤں قابل شر کے مقام پر تیز رفتار وین کی ٹکر لگنے سے معصوم بچی علینہ دختر عبدالجبار شر جاں بحق ہوگئی۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں