غیر معیاری غذا مہلک بیماریوں کے پھیلاؤ کا بنیادی سبب بنتی ہے ،گورنر
کراچی (آئی این پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی بنیاد صاف، معیاری اور محفوظ خوراک ہے اور عوام تک ملاوٹ سے پاک غذا کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
عالمی یومِ تحفظِ خوراک کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے خوراک کی تیاری، ذخیرہ اور سپلائی کے عمل میں عالمی معیار اور صفائی کے اصول اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور مضرِ صحت غذا معاشرے میں کئی مہلک بیماریوں کے پھیلاؤ کا بنیادی سبب بنتی ہے ۔گورنر سندھ نے ملاوٹ کرنے والے عناصر کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ خوراک میں ملاوٹ انسانی صحت اور معاشرے کے خلاف ایک سنگین جرم ہے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز اور موثر کارروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔