ایم ایس سول اسپتال کی صحافیوں کو علاج معالجے کیلئے تعاون کی یقین دہانی
کراچی (این این آئی)ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے سیکریٹری کلب محمد اسلم خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سینئر ارکان کلب مقصود یوسفی، سعید سربازی، عارف بلوچ اور ہیلتھ کمیٹی کے سیکریٹری طفیل احمد بھی موجود تھے ۔ اسلم خان اور طفیل احمد نے ڈاکٹر خالد بخاری کو پریس کلب کے ارکان اور صحافی برادری کو صحت کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد بخاری نے کلب ارکان اور صحافی برادری کیلئے سول اسپتال میں موجود تمام طبی سہولتوں اور علاج معالجے کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر خالد بخاری نے ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کراچی میں اراکین کلب، صحافی برادری اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات، تشخیص اور علاج کی فراہمی کے لیے دو فوکل پرسن مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فوکل پرسن اس حوالے سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور صحافیوں کو درپیش طبی مسائل کے حل میں معاونت فراہم کریں گے ۔