بین الصوبائی ڈکیت گینگ کے تین کارندے گرفتار
ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، موبائل فونز اور نقدی برآمد قصابوں اورشہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے کاانکشاف،مقدمہ درج کرلیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہیدِ ملت روڈ پر پولیس اور وفاقی حاسد ادارے کی مشترکہ کارروائی و مقابلہ، بین الصوبائی ڈکیت گینگ کے تین کارندے گرفتار ، تفصیلات کے مطابق تھانہ فیروزآباد کی حدود میں موٹرسائیکل سوار پانچ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کارروائی میں دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو زخمی سمیت تین ملزمان گرفتار کرلیے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔گرفتار ملزمان کی شناخت زخمی ذاکر احمد، زخمی بشیر احمد اور اسجد خان کے نام سے ہوئی ہے ۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق ایک بین الصوبائی ڈکیت گروہ سے ہے جو کراچی سمیت مختلف شہروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے ۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اہم انکشافات کرتے ہوئے گڈاپ، ماڑی پور، کلہ خان چوک، خٹک چوک اور شیر شاہ سمیت مختلف علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم بشیر احمد سابق سرکاری ملازم ہے جس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر جرائم کی دنیا میں قدم رکھا۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے 2025 میں گڈاپ میں قصابوں سے 54 لاکھ روپے ، 2026 میں ماڑی پور میں ایک شہری سے 29 لاکھ روپے لوٹنے کا اعتراف کیا ہے ۔ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔