باندھی:لوڈ شیڈنگ، منشیات فروشی کیخلاف آج سے دھرنے کااعلان
شہری ایکشن کمیٹی کا اجلاس، سیاسی، تجارتی، فلاحی تنظیموں ودیگر کوشرکت کی دعوتغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے زندگی اجیرن، گھریلو امور بری طرح متاثر ہوئے ، مقررین
باندھی (نامہ نگار )باندھی شہر میں غیر اعلانیہ بجلی لوڈشیڈنگ اور منشیات کے بڑھتے استعمال کیخلاف شہری ایکشن کمیٹی کا اہم اجلاس علامہ افتخار احمد عباسی اور حاجی ہدایت اللہ جمالی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں جمعیت علماء پاکستان، جماعت اسلامی، سنی رابطہ کونسل، مسلم لیگ (ن)، رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ، تاجر برادری اور شہر کی دیگر معروف شخصیات شامل تھیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے باندھی شہر میں مسلسل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی طویل بندش کے باعث کاروبار، تعلیمی سرگرمیاں اور گھریلو معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ متعلقہ حکام شہریوں کی مشکلات کے ازالے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں۔مقررین نے شہر میں شراب، چرس، آئس اور دیگر منشیات کی کھل عام فروخت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل تیزی سے منشیات کی لعنت کا شکار ہو رہی ہے ، جس کے سدباب کے لیے پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 15 جون کی صبح باندھی شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور منشیات فروشی کے خلاف بھرپور دھرنا دیا جائے گا۔ شرکاء نے اعلان کیا کہ جب تک بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا خاتمہ اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی جاتی، تب تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔