کراچی کیلئے عوام دوست اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا جائے ،ایم پی پی
کراچی(این این آئی)میری پہچان پاکستان (ایم پی پی)کی کراچی آرگنائزنگ کمیٹی اور مختلف ٹاؤن کمیٹیوں نے سندھ حکومت اور بلدیاتی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے ایسا عوام دوست، ٹیکس فری اور ترقیاتی بجٹ پیش کیا جائے جس میں کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ شہری ترقی صرف پلوں، انڈر پاسز اور نمائشی منصوبوں سے ممکن نہیں بلکہ پانی، سیوریج، سڑکوں ، صفائی اور ٹریفک کے مسائل کے مستقل حل سے عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے ۔ایم پی پی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے بنیادی انفرااسٹرکچر، صحت، تعلیم، نکاسی آب، پارکس اور شہری ترقی کے منصوبوں کے لیے کم از کم 300 ارب روپے مختص کیے جائیں جبکہ بلدیہ عظمی کراچی مالی نظم و ضبط قائم کرتے ہوئے 250 ارب روپے کی ممکنہ ریکوری اور آمدن بڑھانے کے اقدامات کرے ۔بیان میں کہا گیا کہ کراچی کے عوام طویل عرصے سے بنیادی سہولتوں کے فقدان کا شکار ہیں جبکہ شہری مسائل حل کرنے کے بجائے ترقی کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ایم پی پی نے صدر زرداری سے اپیل کی کہ وہ کراچی کا زمینی دورہ کریں۔