ایف بی آر چھاپوں کیخلاف آج صرافہ بازار بندرکھنے کا اعلان
ہراسانی پر شدید تحفظات،دوپہر 2 بجے زیب النساء اسٹریٹ پر مظاہرہ ہوگا
کراچی(بزنس رپورٹر)آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے مبینہ غیر قانونی کارروائیوں اور چھاپوں کے خلاف آج (منگل )صرافہ بازار بند رکھنے کا اعلان کردیا ۔ ایسوسی ایشن کے صدر قاسم شکارپوری نے کہا کہ کراچی کے تمام صرافہ بازار بطور احتجاج مکمل طور پر بند رہیں گے جبکہ صرافہ تاجر دوپہر دو بجے زیب النساء اسٹریٹ پر پرامن احتجاجی مظاہرہ بھی کریں گے۔ قاسم شکارپوری نے اپنے بیان میں کہا کہ صرافہ برادری ٹیکس قوانین کی پابندی کر رہی ہے اور پہلے کے مقابلے میں زیادہ تعداد میں تاجر ٹیکس ریٹرن جمع کرا رہے ہیں، اسکے باوجود ایف بی آر کے بعض افسران ٹیکس ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد بھی تاجروں پر کروڑوں روپے کے اضافی مطالبات عائد کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایف بی آر کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں غیر منصفانہ اور کاروبار دشمن ہیں۔ خزانے میں خاطر خواہ ٹیکس اداکرنے کے باوجود تاجروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے ۔صدر آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ اس معاملے کے حل کیلئے چیئرمین ایف بی آر سے رابطے جاری ہیں،امید ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا قابل قبول حل نکالا جائے گا،تاہم اگر تاجروں کے تحفظات دور نہ کیے گئے تو احتجاجی لائحہ عمل کو ملک گیر مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔