حیدر آباد:آٹا چکی اونرز کاوزیر اعظم کوخط، گندم درآمد کی اپیل
ممکنہ بحران سے بچنے کے لئے پیشگی اقدامات کئے جائیں، یونین جنرل سیکریٹریسندھ میں ذخیرہ اندوزوں نے گندم خرید کرچھپا دی، قیمت بڑھ رہی، نجم الدین
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)ممکنہ گندم بحران سے بچنے کیلئے آٹا چکی اونرز سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن حیدرآباد نے وزیرِ اعظم کو دوسری مرتبہ خط لکھ کر فوری طور پر سرکاری اور نجی سطح پر گندم درآمد کے اقدامات کی اپیل کر دی۔ خط کی نقول گورنر سندھ، وزیرِ اعلی سندھ، صوبائی وزیر خوراک، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری خوراک، ڈائریکٹر خوراک سندھ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر، ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر حیدرآباد کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔آٹا چکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حاجی نجم الدین چوہان نے کہا کہ سندھ میں فصل کی آمد کے ساتھ ہی ذخیرہ اندوزوں نے کسانوں سے بڑی مقدار میں گندم خرید کر خفیہ مقامات پر چھپا دی ہے ، جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، گندم کی فصل کے وقت اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 7800روپے فی سو کلو تھی جو صرف تین ماہ میں 3000روپے فی سو کلو کی بوری میں اضافے کے ساتھ 10800روپے کی سطح پر جا پہنچی ہے محکمہ خوراک گندم کی خریداری کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا، وزیراعظم کو لکھے خط کے مطابق سندھ حکومت نے رواں سال 10لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم محکمہ خوراک اب تک صرف 80ہزار میٹرک ٹن گندم خرید سکا، جو انتہائی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے ۔عالمی مارکیٹ میں گندم کے اس وقت خریداری کیلئے موزوں نرخ ہیں اسکا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گندم فوری امپورٹ کی جائے۔