سکھر:آئی بی اے یونیورسٹی سے لاکھوں کے کمپیوٹر پروسیسر چوری
تحقیقات کے دوران ٹیکنیشن نے بیچنے کا اعتراف کرلیا، قانونی کارروائی کی تیاری
سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر کی تعلیمی درسگاہ آئی بی اے یونیورسٹی سے جدید کمپیوٹرز کے لاکھوں روپے مالیت کے پروسیسرز چوری ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے ، تعلیمی ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے دوران لیب ٹیکنیشن شفیق احمد جو پنجاب کا رہائشی بتایا جاتا ہے مذکورہ ملازم نے یونیورسٹی کی کمپیوٹر لیب سے 39 پروسیسرز چوری کرکے پنجاب میں فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔ واقعے کے سامنے آنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والے پروسیسرز کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے جس سے یونیورسٹی کو مالی نقصان پہنچا ہے ، حکام کی جانب سے واقعے کی مکمل چھان بین کی جارہی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی متوقع ہے ۔