میرپور خاص:سی این جی سے پٹرول نکالنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار

میرپور خاص:سی این جی سے پٹرول نکالنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار

بس ٹرمینل کے قریب پولیس نے کارروائی کرکے 450لیٹر مشتبہ پٹرول ضبط کرلیا پمپ سے کم قیمت پرپٹرول خرید کربیچتا تھا، ملزم شریف، صحافیوں سے گفتگو

میرپور خاص (بیورو رپورٹ )اولڈ میرپور پولیس نے بس ٹرمینل کے قریب واقع سی این جی اسٹیشن کے اطراف کارروائی کرتے ہوئے مبینہ گیس سے حاصل پٹرول کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا، ایس ایچ او علی شیر سانگی اور انچارج بس ٹرمینل پوسٹ سائیں بخش خاصخیلی نے سانگھڑ شوگر مل کے قریب رہائشی محمد شریف ولد محمد اکرم خاصخیلی کو گرفتار کیا، ملزم کی کرولا کار نمبر APH-266 سے آٹھ ڈرموں میں موجود تقریباً 450 لیٹر مشتبہ پٹرول برآمد کیا گیا، پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ برآمد پٹرول سی این جی اسٹیشن کو فراہم کی جانے والی مائع گیس سے الگ کیا گیا تھا جسے مبینہ غیر قانونی طریقے سے فروخت کیا جا رہا تھا، ملزم محمد شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ یہ پٹرول بس ٹرمینل کے قریب واقع ٹوٹل پارکو سی این جی اسٹیشن سے کم قیمت پر خرید کر آگے فروخت کرتا تھا، ملزم کے مطابق وہ گزشتہ ایک سال سے یہ کام کر رہا تھا اور دیگر افراد بھی اس کاروبار میں شامل ہیں، پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مبینہ طور پر گیس سے حاصل پٹرول تقریباً 330 روپے فی لیٹر کے حساب سے مقامی ایجنٹس کو فروخت کیا جاتا تھا جو اسے مارکیٹ میں رائج قیمت، یعنی 380 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت کرتے تھے ، ماہرین کے مطابق فلیئر گیس سی این جی اسٹیشنوں کودی جاتی ہے ، جہاں کمپریسرز کی مدد سے گیس سے پٹرول الگ کرکے فروخت کیا جاتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں