بجلی بندش خاتمے کیلئے جماعت اسلامی ٹاؤن چیئرمینز کی کوششیں
کے الیکٹرک حکام سے ملاقات، موقف پیش،بلاتعطل بجلی فراہمی ادارے کی ذمہ داری چوری، بل عدم ادائیگی جواز پربجلی بندش اجتماعی سزا، نیپرا قوانین کی خلاف ورزی، گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینوں اور پبلک ایڈ کمیٹی وفد نے کے الیکٹرک کے اعلی حکام سے ملاقات کی۔ملاقات میں وفد نے کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کے سامنے اپنا واضح اور دو ٹوک موقف پیش کیاکہ بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کوبنیاد بناکر متعلقہ فیڈرز کی بندش سے پورے علاقے کی لوڈ شیڈنگ کرکے وقت پر بجلی کا بل ادا کرنے والوں کو اجتماعی سزا دینا غیر انسانی، غیر آئینی اور نیپرا قوانین کیخلاف ہے ، کے الیکٹرک کو دیے ڈسٹری بیوشن لائسنس کے مطابق وقت پر بل ادا کرنے والے صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنا اس کی بنیادی ذمہ داری ہے ، کے الیکٹرک اپنی ذمہ داری پوری کرے ۔ وفدنے کہاکہ نیپرا کی جانب سے 14 اپریل 2024 کے فیصلے میں بھی واضح طور پر بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی وتکنیکی نقصانات AT&Cکی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کو غیر قانونی اور کے الیکٹرک کودیے گئے لائسنس کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔ جماعت اسلامی کے وفد نے مطالبہ کیاکہ کے الیکٹرک نیپراکی جانب سے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کیلئے 400 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے وقت پر بجلی کا بل ادا کرنیوالے صارفین کے فیڈرز کو الگ کرکے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرے ۔