ٹریکٹر کی ٹکر سے پندرہ سالہ نوجوان جاں بحق
کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 15سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا ماموں زخمی ہوگیا ۔۔۔
۔پولیس کے مطابق واقعہ دو منٹ چورنگی کے قریب پیش آیا ،جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت اصغر کے نام سے ہوئی ۔ حادثے کے وقت اصغر اپنے ماموں غلام فرید کے ہمراہ موٹر سائیکل پر یو پی موڑ جا رہا تھا کہ ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔حادثے میں اصغر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے ماموں غلام فرید زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے ٹریکٹر ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریکٹر ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا اور ٹریکٹر ٹرالی کو قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔