پوش علاقے میں ہوائی فائرنگ کے 4ملزمان گرفتار
ملزمان کے قبضے سے غیر لائسنس یافتہ سب مشین گن بھی برآمد کرلی گئیسندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ،کارروائیاں جاری رہیں گی،پولیس
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے پوش علاقے میں ہوائی فائرنگ کرنے والے چار ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے غیر لائسنس یافتہ سب مشین گن (ایس ایم جی) بھی برآمد کر لی گئی۔ترجمان ضلع ساؤتھ پولیس کے مطابق تھانہ ساحل کی حدود میں مین اتحاد روڈ صبا سگنل، فیز 6 ڈی ایچ اے کے قریب معمول کی گشت کے دوران ایک ڈبل کیبن گاڑی کو انتہائی غفلت اور لاپرواہی سے چلتے ہوئے دیکھا گیا۔گاڑی کے پچھلے حصے میں سوار افراد ہوائی فائرنگ کر رہے تھے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کا تعاقب کیا اور اسے روک کر چار افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عادل مصطفیٰ، میر دانیال علی، وقار عثمان ناریجو اور شہزیب پیرزادہ کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک غیر لائسنس یافتہ ایس ایم جی برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ ساحل میں مقدمہ نمبر 197/2026 بجرم دفعات 279، 186، 337-H(ii) اور 34 تعزیراتِ پاکستان جبکہ مقدمہ نمبر 198/2026 بجرم دفعہ 23(1-A) سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔