نیوکراچی میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

نیوکراچی میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

صبا پمپنگ اسٹیشن کے قریب گھر سے پانی چوری کیا جارہا تھا،سامان ضبط

کراچی (آئی این پی)نیو کراچی میں پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، گھر پر قائم غیر قانونی نظام منہدم کردیا گیا۔واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن حکام کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نیو کراچی میں پانی چوری کا ایک بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا ہے ۔ حکام نے گھر کے اندر قائم غیر قانونی نیٹ ورک کو پکڑ کر بھاری مقدار میں سامان ضبط کر لیا ہے ۔حکام کے مطابق نیو کراچی سیکٹر 5 جی میں صبا پمپنگ اسٹیشن کے قریب ایک گھر سے پانی چوری کر کے مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا تھا۔ عوامی شکایات اور نشاندہی پر واٹر کارپوریشن اور پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ مکان پر چھاپہ مارا۔کارروائی کے دوران ملزم فیضان کے قبضے سے 8 الیکٹرک موٹرز، 5 سبمرسیبل پمپس اور پانی چوری کے لیے استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے ۔حکام نے موقع پر ہی غیر قانونی کنکشنز اور پانی چوری کا پورا نظام منہدم کر دیا، جبکہ جس گھر سے یہ نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا اسے بھی مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے ۔پولیس نے ملزم فیضان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں