عوام شرپسند، سماج دشمن عناصر پر نظر رکھیں، معاون وزیراعلیٰ

عوام شرپسند، سماج دشمن عناصر پر نظر رکھیں، معاون وزیراعلیٰ

ملک دشمن کچھ قوتیں ایک مرتبہ پھر سندھ میں حالات خراب کرنا چاہتی ہیں شیعہ، سنی متحد،کوئی قوت نفرت پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی،عبدالجبار

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی عبدالجبار خان نے حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام میں شرپسندوں اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں کیونکہ کچھ ملک دشمن قوتیں ایک مرتبہ پھر سندھ میں حالات خراب کرنا چاہتی ہیں لیکن شیعہ اور سنی آپس میں متحد ہیں اور کوئی بھی قوت ان کے درمیان نفرت پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے گی۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ نیاز و لنگر کے موقع پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے بات چیت کررہے تھے ۔ اس موقع پر فیصل جبار خان، ٹاؤن چیئرمین ، یوسی چیئرمین اور دیگر منتخب نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ عبدالجبار خان نے مزید کہاکہ حضرت امام حسین ؓ نے یزید کی بیعت نہ کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ چند افراد بھی اگر ثابت قدم رہ کر حق پر کھڑے ہوں تو پھر رہتی دنیا تک تاریخ میں وہ ہمیشہ فاتحہ قرار پاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے امن وامان کے حوالے سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اس موقع پر شہریوں پر بھی بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ آپس میں اتحاد و اتفاق پیدا کرتے ہوئے ان عناصر کو جو غلط فہمیاں پیدا کرکے فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکا چاہتے ہیں ناکام بناتے ہوئے انتظامیہ اور اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں