شہداد پور:چولہے کی چنگاری سے آگ بھڑک اٹھی، 8گھر خاکستر
شہدادپور (نمائندہ دنیا)نواحی علاقے ملدسی روڈ پر واقع گاؤں جان محمد باگرانی میں چولہے کی چنگاری سے اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔
تیز ہواؤں کے باعث آگ نے چند ہی لمحوں میں شدت اختیار کر لی اور دیکھتے ہی دیکھتے آٹھ رہائشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان، فرنیچر، کپڑے ، اناج اور دیگر قیمتی اشیاء جل کر راکھ ہو گئیں۔ گاؤں کے مکین اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے میں مصروف رہے اور بھرپور کوششوں سے آگ کو مزید گھروں تک پھیلنے سے روک لیا۔ بعد ازاں ملدسی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس انچارج منور علی کی نگرانی میں ریسکیو کارروائیاں کی گئیں، جبکہ فائر بریگیڈ اور مقامی افراد کی مشترکہ کوششوں سے آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔