کنڈیارو کے قریب فائرنگ سے زخمی تاجر اسپتال میں چل بسا

کنڈیارو کے قریب فائرنگ سے زخمی تاجر اسپتال میں چل بسا

لیموں کا تاجر نصیر احمد باغ سے گھر جاتے نشانہ بنا، نواب شاہ منتقل کیا گیا تھاکمال ڈیرو لنک روڈ پرکار نے موٹر سائیکلیں کچل دیں، ایک ہلاک، 3زخمی

کنڈیارو (نمائندہ دنیا)کنڈیارو کے قریب منگریا شاخ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے گاؤں کانیا کلہوڑا کا رہائشی اور لیموں کا تاجر نصیر احمد کلہوڑو شدید زخمی ہوگیا۔ اسے تشویشناک حالت میں نوابشاہ منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، جو گھر پہنچنے پر گاؤں میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہوگئی۔ مقتول کے بھائی کے مطابق نصیر احمد کلہوڑو ایک کاروباری شخص تھا، جو لیموں کے باغ سے واپس اپنے گھر جا رہا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے اسے نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق مقتول نے وفات سے قبل اسپتال میں اپنے بیان میں بتایا کہ اس کا اپنے گاؤں کے چند افراد سے پہلے جھگڑا ہوا تھا اور انہی افراد نے اس پر حملہ کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ دوسری جانب کمال ڈیرو لنک روڈ پر تیز رفتار کار دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق حادثہ فاطمہ موری کے مقام پر پیش آیا، زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال کنڈیارو منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سمیر ولد محمد رمضان کلہوڑو، حمایت بی بی، ضامن گاڈھی اور عطر گاڈھی شامل ہیں۔ سمیر کلہوڑو دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ کمسن حمایت بی بی کو تشویشناک حالت کے باعث گمبٹ منتقل کر دیا گیا۔کار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں