نارا کینال کے مختلف سب ڈویژنز میں پانی چوری ہورہا، ٹیل آبادگار
محکمہ آبپاشی اس صورتحال پر قابو پانے میں مکمل ناکام، نوٹس لیا جائے ، رہنما
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)ٹیل آبادگار ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نارا کینال کے مختلف سب ڈویژنوں میں شاخوں پر سرعام پانی چوری ہو رہا ہے اور محکمہ آبپاشی اس صورتحال پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہے ۔ میرپورخاص میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آبادگار رہنماؤں زاہد نون، پروفیسر یوسف راجپوت، میر اعجاز تالپور اور دیگر نے کہا کہ نارا کینال میں اس وقت تقریباً 14 ہزار کیوسک پانی موجود ہے مگر اس کے باوجود عمرکوٹ، نبی سر، نوکوٹ، کھپرو اور دیگر سب ڈویژنوں کی ٹیل کی شاخوں میں 75 فیصد تک پانی کی کمی ہے جس کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں سوکھ کر تباہ ہو رہی ہیں اور زراعت سے وابستہ آبادگاروں اور ہاریوں کو شدید معاشی بحران کا سامنا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بااثر افراد واٹر کورسز توڑ کر اور غیر قانونی پائپوں کے ذریعے پانی چوری کر رہے ہیں۔
جبکہ نارا کینال کے ہیڈ پر تقریباً 220 غیر قانونی لفٹ مشینیں نصب ہیں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پابندی کے باوجود تقریباً دو لاکھ ایکڑ رقبے پر دھان کی کاشت کی جا چکی ہے جس سے پانی کی قلت میں مزید اضافہ ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ محکمہ آبپاشی اور محکمہ ریونیو کمیشن اور بدعنوانی کے باعث خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر اداروں کی طرح محکمہ آبپاشی بھی سیاسی مداخلت کا شکار ہے ، جس سے افسران وعملہ بااثر افراد کے سامنے بے بس نظر آتا ہے ۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ناانصافیوں کا نوٹس لیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments