غیرقانونی تعمیرات،عدالت ایس بی سی اے حکام پربرہم
تعمیرات مسمار کرنے کے اخراجات متعلقہ افسر کی تنخواہ سے وصول کرنے کاحکمغیر قانونی تعمیرات کے خاتمے سے متعلق احکامات پر موثر عملدرآمد کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے عدالتی حکم کے باوجود سائٹ ٹاؤن کی قصبہ کالونی میں غیر قانونی تعمیرات جاری رہنے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کے اخراجات متعلقہ افسر کی تنخواہ سے وصول کیے جائیں۔ پیر کے روز عدالت میں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )اور دیگر حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کے واضح حکم امتناع کے باوجود قصبہ کالونی کے مکانات پر غیر قانونی تعمیرات جاری رہیں اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے انہیں روکنے کے لیے موثر اقدامات نہیں کیے۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے ، مزید غیر قانونی تعمیرات رکوا دی گئی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی جاری ہے ۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ جو غیر قانونی تعمیرات ہو چکی ہیں، انہیں کون گرائے گا؟ عدالت نے بعد ازاں عدالت نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر حکام کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی، تاہم غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے سے متعلق اپنے احکامات پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments