جناح ٹاؤن میں سیوریج لائن کی جلد تبدیلی کی ہدایت
منصوبہ مقررہ مدت، معیار اورتکنیکی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے ،میئر تمام ضروری مشینری، آلات اور افرادی قوت تعینات کر دی گئی،واٹر کارپوریشن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن احمد علی صدیقی کے ہمراہ جناح ٹاؤن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران میئر کراچی نے یوسی 8 میں سیالکوٹ ملک شاپ کے قریب 15 انچ قطر کی سیوریج لائن کی تبدیلی کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ چیف انجینئر آفتاب عالم نے منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی امور اور جاری مرمتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ میئر کراچی نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت، اعلیٰ معیار اور تمام تکنیکی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ متاثرہ علاقوں میں سیوریج کا نظام جلد از جلد بحال ہو اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر سی ای او احمد علی صدیقی نے متعلقہ افسران کو مرمتی کاموں کی مسلسل نگرانی اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق 15 انچ قطر کی متاثرہ سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام تیزی سے جاری ہے ، جس کے لیے تمام ضروری مشینری، آلات اور افرادی قوت تعینات کر دی گئی ہے جبکہ مرمتی کام مکمل ہوتے ہی متاثرہ علاقے میں سیوریج کا نظام بحال کر دیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments