جیکب آباد:کئی روز سے خراب ٹرانسفارمر مرمت میں سیپکو ناکام
بانو بازار کاٹرانسفارمر ایک ہفتے سے خراب، مرمت کیلئے 20ہزار روپے طلبایم پی اے حاجی شیر محمد مغیری کے خرچ اٹھانے کے اعلان کے باوجود وصولی جاری
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جیکب آباد میں سیپکو حکام کی مبینہ غفلت سے مختلف علاقوں کے ٹرانسفارمر کئی روز سے خراب اور شہری شدید گرمی میں بجلی سے محروم ہیں۔ خراب ٹرانسفارمروں کی مرمت کے نام پر پرائیویٹ عملے کے ذریعے ہزاروں روپے وصول کیے جانے کی شکایات ملی ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بعد سیپکو کے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جاتا ہے ، تاہم بجلی کی بحالی کیلئے مبینہ مرمت کے اخراجات کے نام پر رقم طلب کی جاتی ہے ، صورتحال اس وقت سوالیہ بن گئی جب ایم پی اے حاجی شیر محمد مغیری کی جانب سے مختلف علاقوں کے خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کا خرچ اٹھانے کا اعلان کیا گیا۔
مگر اس کے باوجود علاقہ مکینوں سے مبینہ طور پر رقم وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، بانو بازار کا ٹرانسفارمر ایک ہفتے سے جبکہ شاہ بھٹائی بازار چوک کا ٹرانسفارمر چار روز سے خراب ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ٹرانسفارمر کی مرمت کا خرچ ادا کرنے کا اعلان ہو چکا ہے تو پھر سیپکو عملے کی جانب سے 20 ہزار روپے فی ٹرانسفارمر کس مد میں وصول کیے جا رہے ہیں؟ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے کہا ہے کہ وہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود کئی روز تک بجلی سے محروم رہنا اور پھر خرابی دور کرنے کیلئے الگ سے رقم طلب کیا جانا صارفین کے ساتھ سراسر زیادتی ہے ۔شہریوں نے چیف ایگزیکٹو سیپکو، وفاقی وزارتِ توانائی، نیپرا اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خراب ٹرانسفارمروں کی فوری مرمت کرائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments