مٹیاری:سگ گزیدگی واقعات میں اضافہ، 25 افراد کو کاٹ لیا

مٹیاری:سگ گزیدگی واقعات میں اضافہ، 25 افراد کو کاٹ لیا

اوڈیرو لال میں واقعات، متاثرین میں خواتین، بچے شامل، 15افراد کی ویکسی نیشن10مزید علاج کیلئے حیدر آباد منتقل، شہریوں کاانتظامیہ سے کتامار مہم چلانے کامطالبہ

مٹیاری (نامہ نگار)سگ گزیدگی واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ، اوڈیرولال میں ایک ہی روز آوارہ کتوں نے بچوں اور خواتین سمیت 25 افراد کو کاٹ لیا، مٹیاری کے علاقے اڈیرو لال میں آوارہ کتوں کے حملوں میں میر محمد، صفدر علی، وقار چھٹو، سکندر کھوسہ سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ، جبکہ زخمیوں میں سمیرا سولنگی، جیندی کھوسہ، ابراہیم شیخ، ساگر کولہی اور انجلی بھی شامل ہیں۔ ڈی ایچ او کے مطابق آوارہ کتوں کے حملوں کے 25 کیسز مقامی اسپتال میں رپورٹ ہوئے، جن میں سے 15 متاثرین کو اینٹی ریبیز ویکسین اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے گھر روانہ کردیا گیا، جبکہ مزید 10 زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق مٹیاری میں گزشتہ 3 ماہ کے دوران کتے کے کاٹنے کے 1,443 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اپریل میں 406، مئی میں 511 جبکہ جون میں 526 کیسز سامنے آئے ، جو تین ماہ کے دوران سب سے زیادہ تعداد ہے ، رپورٹ کے مطابق ہالا تعلقہ میں بھی تین ماہ کے دوران کتے کے کاٹنے کے 398 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ہالا میں اپریل کے دوران 87 کیسز رپورٹ ہوئے ، جو مئی میں بڑھ کر 164 ہوگئے ، جبکہ جون میں 147 کیسز سامنے آئے ۔ محکمہ صحت کے مطابق تین ماہ کے دوران کتے کے کاٹنے کے 40 مریضوں کو مزید علاج کے لیے دیگر اسپتالوں میں ریفر کیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر مہم شروع کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...