نوجوان سیاست میں آکرعوام کی خدمت کریں، گورنر سندھ

 نوجوان سیاست میں آکرعوام کی خدمت کریں، گورنر سندھ

ایم این اے اور ایم پی اے کا کام سڑکوں اور سیوریج نظام کو چلانا نہیں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، نہال ہاشمی

کراچی (این این آئی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ڈاکٹر ضیاء الدین یونیورسٹی میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل اور ان کی پہچان پاکستان ہے ، 2047 میں جب ملک آزادی کی 100ویں سالگرہ منائے گا تو آج کے نوجوان ہی اس ملک کی قیادت کر رہے ہوں گے ۔میری وابستگی بھی این جی اوز کے شعبے سے رہی ہے ، معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو ریاست اور حکومت کی سرپرستی ضروری ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں آئیں اور لوگوں کی خدمت کریں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ ایم این اے اور ایم پی اے کا بنیادی کام سڑکوں اور سیوریج نظام کو چلانا نہیں، یہ بلدیاتی اداروں اور متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے ۔ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ترقی کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام کی دہلیز تک پہنچ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیں آزادی کی جدوجہد اور انتھک محنت کے بعد حاصل ہوا۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒنے دن رات محنت کرکے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ سرسید احمد خان نے مسلمانوں کے لیے جدید تعلیم کے دروازے کھولے ، پہلے اسکول، پھر کالج اور یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا۔ ڈاکٹر ضیاء الدین اسی علمی روایت سے وابستہ رہے اور آج ان کے وارثوں نے ضیاء الدین یونیورسٹی قائم کرکے علم کی اس شمع کو مزید روشن کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...