فلم گھوسٹ اسکول کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ دینے پر فریقین کو نوٹس

فلم گھوسٹ اسکول کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ دینے پر فریقین کو نوٹس

فلم سازوں نے سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، سینٹرل اور پنجاب بورڈزاجازت دے چکے ،ملک میں گھوسٹ اسکولز کا مسئلہ اجاگر کیا،درخواست گزار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے فلم گھوسٹ اسکول کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اگست تک جواب طلب کرلیا۔ فلم سازوں نے سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے ۔ درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل معیز بیگ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سینٹرل سینسر بورڈ اور پنجاب سینسر بورڈ فلم کی نمائش کی اجازت دے چکے ہیں، تاہم سندھ بورڈ آف فلم سینسرز فلم کی نمائش کیلئے منظوری نہیں دے رہا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ موشن ایکٹ 2011 کے تحت فلم کو سینسر سرٹیفکیٹ سے انکار مخصوص قانونی بنیاد پر ہی کیا جاسکتا ہے ۔ سینسر بورڈ قوانین کے مطابق فلم کی سندھ میں نمائش پر پابندی کی کوئی قانونی وجہ موجود نہیں۔

معیز بیگ ایڈووکیٹ نے کہا کہ مذہب، قومی سلامتی، بین الاقوامی تعلقات یا اخلاقیات کے خلاف مواد کی موجودگی فلم کی نمائش روکنے کی قانونی وجوہات ہوسکتی ہیں، تاہم سندھ سینسر بورڈ کا فیصلہ قانون میں درج کسی بنیاد کے تحت نہیں آتا۔ وکیل نے بتایا کہ فلم ‘گھوسٹ اسکول’ میں ملک میں گھوسٹ اسکولز کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے اور فلم کو برطانیہ کے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے ۔درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ فلم سازوں کو نہ کوئی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور نہ مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اگست تک جواب طلب کرلیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...