بچوں سمیت9افراد حادثات کی نذر،رواں سال اموات 603ہوگئیں

بچوں  سمیت9افراد  حادثات  کی  نذر،رواں  سال  اموات 603ہوگئیں

حادثات ماڑی پور،سولجر بازار،کورنگی،ملیر،کریم آباد،بلدیہ ناردرن بائی پاس اور بن قاسم کے علاقے میں ہوئے ،3زخمیرواں سال جاں بحق افراد میں 463 مرد، 73 خواتین اور 67 بچے شامل ،سب سے زیادہ ہلاکتیں ٹریلر اورواٹرٹینکر کی ٹکر سے ہوئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف مقامات پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں دو بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ماڑی پور تھانے کے علاقے گریکس پونا پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوارایک شخص جاں بحق اوردوسرا زخمی ہوگیا جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ٹراما سینٹرمنتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 40 سالہ فیاض ولد غلام فرید اورزخمی کی شناخت45 سالہ اصغرولدغلام حیدرکے نام سے کی گئی، ایک موٹر سائیکل سوار یوٹرن کاٹ رہا تھا کہ دوسرا موٹر سائیکل سوار انتہائی تیزرفتاری سے آرہا تھا اوریو ٹرن لینے والے سے ٹکرا گیا،انہوں نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق شخص علاقے کا ہی رہائشی بتایا جاتا ہے ۔سولجر بازار اسٹاپ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔کورنگی کراسنگ KDA اسکیم سوسائٹی ابن سعد مسجد کے قریب بھی نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 5 سالہ راہگیر بچہ حمزہ ولد نور شیرین خان جاں بحق ہو گیا۔ادھر ملیر کورٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے بائیک سوار 27 سالہ دانش اور 24 سالہ فرزان جاں بحق ہوئے۔ کریم آباد جماعت خانہ کے قریب دو بائیکوں کے تصادم میں 32 سالہ عمر ولد عارف جاں بحق جبکہ حکمت اللہ ولد عبدالسلام 22 سال، عزت اللہ ولد جان محمد 18 سال اور عدنان ولد ظہیر الدین 30 سال زخمی ہوئے ۔بلدیہ ناردرن بائی پاس پر واٹر ٹینکر اور ٹریلر کے تصادم میں 30 سالہ واٹر ٹینکر ڈرائیور اسد جاں بحق ہوا۔پورٹ قاسم PSO پمپ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے 11 سالہ راہگیر بچہ جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔دوسری جانب ریسکیو حکام کے مطابق شہر میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 603 افراد جاں بحق ہوئے ، حادثات میں جاں بحق افراد میں 463 مرد، 73 خواتین اور 67 بچے شامل ہیں۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ رواں سال شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 7ہزار 467 افراد زخمی ہوئے ، زخمیوں میں 5 ہزار 649 مرد، ایک ہزار 322 خواتین اور 496 بچے شامل ہیں۔اس کے علاوہ رواں سال ہیوی گاڑیوں کے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 184 ہے ، رواں سال ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہے ، ٹریلر کی ٹکر سے 84 افراد اور واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 46 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق رواں سال منی ٹرک کی ٹکر سے 18 افراد اور بسوں کی ٹکر سے 24 افراد جاں بحق ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...