ڈیفنس جھگڑا،ایس ایس پی کورنگی کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش

ڈیفنس  جھگڑا،ایس  ایس  پی  کورنگی  کے  خلاف  سخت  محکمانہ  کارروائی  کی  سفارش

فداحسین جانوری کی ساس، سالی، سالے اور دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ،اعلیٰ سطح انکوائری رپورٹ انکوائری رپورٹ میں سابق ایس ایچ او درخشاں ، ایس آئی یو اور موبائل افسر کو بھی معطل کرکے کارروائی کی سفارش

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں پیش آنے والے ایک وائرل واقعے کی اعلیٰ سطح انکوائری رپورٹ میں ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی، اُن کی ساس، سالی، سالے اور دیگر اہلکاروں پر مقدمہ درج کرنے کی سفارش کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق 21 اگست کو درخشان تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 6 چھوٹا بخاری کمرشل ایریا کے رہائشی اپارٹمنٹ میں بااثر خواتین کا پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں اپارٹمنٹ کے رہائشی بہن بھائی پرتشدد کا واقعہ پیش آیا تھا، 28 اگست کوواقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پرایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کو انکوائری افسر مقرر کیا تھا۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے انکوائری مکمل کرکے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو رپورٹ ارسال کردی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں متاثرہ بہن بھائی علی احسن اور بہن نورالعین کے خلاف درخشاں تھانے میں درج کیے گئے مقدمہ الزام نمبر26/578 کو بی کلاس کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔

انکوائری پورٹ میں بتایا گیا کہ ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کی جانب سے معاملے میں انتظامی غفلت برتی گئی، انکوائری پورٹ میں ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے اور ان کے محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔انکوائری پورٹ میں ایس ایس پی کی ساس، سالی، سالے اور موقع پر موجود ضلع کورنگی کے 4 اہلکاروں سمیت تمام پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔انکوائری رپورٹ میں سابق ایس ایچ او درخشاں راشد علی اور ایس آئی یو درخشان، موبائل افسر آفتاب منگی کو بھی معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔انکوائری رپورٹ میں متاثرہ بہن بھائی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، انکوائری رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کردی گئی ہے اور رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...