گلشن میں زیر تعمیر یوٹرن کاڈھانچہ زمیں بوس، گارڈ جاں بحق
یونیورسٹی روڈ بیت المکرم مسجد کے سامنے واقعہ، متوفی کی شناخت نہ ہوسکیتلاش ڈیوائس سے شناخت جاری، پائپ کاٹنے سے شٹرنگ گری، سی ای او
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گلشن اقبال کے علاقے بیت المکرم مسجد کے سامنے یونیورسٹی روڈ پر زیر تعمیر پل کا ڈھانچہ زمین بوس ہوگیا۔ ریسکیو ٹیم نے زمیں ملبے تلے دبنے والے ایک شخص کی لاش نکال کر اسپتال منتقل کی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق شبہ تھا کہ ملبے تلے مزید مزدور دبے ہوئے ہیں جس پر ٹیکنیکل طریقے سے ملبے تلے چیکنگ کی گئی لیکن مزید کسی شخص کے دبے ہونے کے شواہد نہیں ملے ۔پولیس کے مطابق جاں بحق شخص سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہا تھا، فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں کی جا سکی، عزیز بھٹی پولیس تلاش ڈیوائس کی مدد سے شناخت کا عمل کررہی ہے ۔ سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ نے کہا ہے کہ حادثہ مرکزی اسٹرکچر گرنے سے نہیں، بلکہ شٹرنگ کے بھاری حصے کے گرنے سے پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق شٹرنگ کو سہارا دینے والے پائپ کو کاٹنے یا نکالنے کی کوشش کے دوران شٹرنگ کا حصہ گرا، جس سے دیگر حصے بھی متاثر ہوئے ۔زبیر چنہ نے بتایا کہ جائے حادثہ کے قریب موجود بینک سکیورٹی گارڈز اور دیگر افراد سے بھی معلومات حاصل کی گئی ہیں۔ ابتدائی شواہد کے مطابق کچھ افراد سیفٹی بیرئیر عبور کرکے اندر داخل ہوئے اور شٹرنگ کو سہارا دینے والے پائپ کو نکالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے قریبی آبادی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر مشتبہ سرگرمیوں کی روک تھام میں متعلقہ اداروں سے تعاون کریں۔واقعے کی مکمل وجوہات کا تعین تکنیکی جائزے اور مکمل تحقیقات کے بعد کیا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments