شہداد پور:پلاٹ کے تنازع پرتصادم، پولیس اہلکار جاں بحق
گاؤں غلام محمد کی لغاری، نظامانی برادریوں میں فائرنگ، 5افراد زخمی ہوگئےلاڑکانہ، محراب پور میں فائرنگ، غلط علاج سے 2اموات، 2اہلکار زخمی
شہداد پور، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) شہداد پور میں پلاٹ کے تنازع پر پولیس اہلکار قتل اور 5 افراد زخمی ہوگئے ، جبکہ لاڑکانہ اور محراب پور میں مختلف واقعات میں 2اموات ہوئی ہیں۔ شہدادپور کے قریب ملدسی پکٹ کی حدود میں واقع گاؤں غلام محمد لغاری میں پلاٹ کے تنازع پر نظامانی اور لغاری برادریوں کے دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار شاہنواز نظامانی جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں ایاز لغاری، مبشر نظامانی، اختر اور نیاز حسین سمیت دیگر شامل ہیں، جنہیں سمس اسپتال منتقل کیا گیا۔ مقتول پولیس اہلکار کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ لاڑکانہ کے شیریں امیر بیگم پل پر چیکنگ کے دوران ملزمان نے فائرنگ کردی۔
جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار علی زیب ابڑو اور عاشق پھل زخمی ہوگئے ۔ جبکہ شہر کے پرانے بس اسٹینڈ کے علاقے کے رہائشی 13 سالہ طالب علم آفتاب علی ولد گدا حسین سانگی، لاہوری محلہ میہر شاہ بخاری امام بارگاہ کے علاقے میں قائم نجی کلینک میں علاج کے دوران جاں بحق ہوگیا، متوفی کے ورثا نے ڈاکٹر پر غلط انجکشن لگانے کا الزام عائد کرتے ہوئے لاش ایمبولینس میں رکھ کر لاہوری محلہ روڈ بلاک کرکے دھرنا دیا، اور انصاف کا مطالبہ کیا۔ محراب پور کے قریب پھل تھانے کی حدود گاؤں ظاہر پیر کی لغاری برادری کے دو گروپوں میں مویشی فصل میں آجانے پرتکرار مسلح تصادم میں بدل گئی، جس میں کلہاڑی، ڈنڈے چل گئے جس میں اعظم لغاری نامی شخص جاں بحق اور باجھی لغاری، مسمات حلیماں لغاری زخمی ہو گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments