مستحق افراد کی مالی معاونت موثر بنانے کی ضرورت،گورنر
ایم ڈی بیت المال کی ملاقات،نادار افراد کی فلاح و بہبودپر تبادلہ خیال
کراچی (آئی این پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ مستحق، یتیم، بیواؤں اور ضرورت مند افراد کی معاونت اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ پاکستان بیت المال مستحق افراد کی فلاح و بہبود، طبی، تعلیمی اور مالی معاونت کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ، جسے مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں مستحق اور نادار افراد کی فلاح و بہبود، معاونت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے زور دیا کہ تعلیم، علاج اور مالی معاونت کے پروگرامز سے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو فائدہ پہنچایا جائے۔
جبکہ ان کی بحالی اور خودمختاری کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ نے ادارے کی مختلف فلاحی سرگرمیوں سے گورنر سندھ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انفرادی مالی معاونت پروگرام کے تحت مستحق افراد کو تعلیم، علاج معالجے سمیت دیگر ضروریات کے لیے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سویٹ ہومز پروگرام کے ذریعے یتیم بچوں کی کفالت اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں قائم 165 خواتین بااختیاری مراکز کے ذریعے مستحق خواتین کو ہنر سکھانے اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments