ایم پی اے سریندر ولاسائی کاتھر کوقحط زدہ قرار دینے کا مطالبہ
عوام کوریلیف دیا جائے ، انچارج میڈیا سیل بلاول ہاؤس کا چیف سیکریٹری کوخطکم بارشوں کے باعث ضلع میں چارہ اور پانی بھی نایاب، عوام مشکلات کا شکار ہیں
تھرپارکر (نامہ نگار)پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور انچارج میڈیا سیل بلاول ہاؤس سریندر ولاسائی نے چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھ کر کم بارشوں کے باعث ضلع تھرپارکر کو فوری طور پر قحط زدہ قرار دینے اور متاثرہ عوام کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت ماضی میں بھی کم بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں یہ طریقہ کار اختیار کرچکی ہے ۔ سال 2018 میں تھرپارکر سمیت دیگر متاثرہ علاقوں کو کم بارشوں کے باعث آفت زدہ قرار دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں حکومت کو متاثرہ آبادی کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کرنے کا موقع ملا تھا۔
سریندر ولاسائی نے مطالبہ کیا کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت فوری اقدامات کرے اور جہاں متعلقہ قانون و پالیسی کے تحت مقررہ معیار پورے ہوتے ہیں، وہاں ضلع تھرپارکر کو قحط زدہ قرار دینے کا عمل شروع کیا جائے ۔ خط میں ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ ریونیو حکام کو ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ بارشوں، فصلوں کی ناکامی، پینے کے پانی کی عدم دستیابی، چراگاہوں کی صورتحال اور مویشیوں کے نقصانات کا فوری طور پر دیہہ وار جائزہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی کمزور اور قحط سے متاثرہ خاندانوں کو معمولات زندگی بحال ہونے تک فوری طور پر مفت گندم اور ضروری غذائی اشیاء فراہم کی جائیں، جبکہ پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے دیہات اور بستیوں میں ٹینکروں سمیت پینے کے پانی کی ہنگامی فراہمی کا انتظام کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments