کے فورمنصوبہ،نئی لائنیں جنوری سے بچھانے کا ہدف مقرر
آگمین ٹیشن منصوبے کے تحت 111کلومیٹر طویل مرکزی لائن بچھائی جائے گی شہر کے مختلف علاقوں تک یومیہ 260ملین گیلن پانی پہنچانے کی گنجائش ہوگی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے کے فور آگمین ٹیشن منصوبے کے تحت 71 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی مین لائنیں بچھانے کا کام جنوری یا فروری 2027ء میں شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔منصوبے کے تحت 111 کلومیٹر طویل مرکزی لائن اور 96 اور 72 انچ قطر کی پائپ لائنیں تعمیر کی جائیں گی جبکہ آر ون، آر ٹو اور آر تھری لائنوں کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں تک یومیہ 260 ملین گیلن پانی پہنچانے کی گنجائش ہوگی۔دستاویزات کے مطابق 71 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبے پر کام جنوری یا فروری 2027 میں شروع کرنے کا ہدف ہے جبکہ لائنیں بچھانے کا کام 22 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 111 کلومیٹر طویل مرکزی لائن تعمیر ہوگی، جس کی گنجائش 650 ملین گیلن یومیہ مقرر کی گئی ہے ۔آر ون، آر ٹو اور آر تھری لائنوں کے ذریعے 260 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی ممکن ہوگی، آر ون لائن ریزروائر ون سے وائی جنکشن تک 27 اعشاریہ 6 کلومیٹر طویل ہوگی اور اس سے 65 ملین گیلن یومیہ پانی پہنچایا جائے گا۔آر ٹو لائن کے ذریعے یونیورسٹی روڈ، لیاقت آباد اور گل بائی سمیت مختلف علاقوں کو 130 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے ۔آر تھری لائن ریزروائر تھری سے بنارس تک 28 اعشاریہ 5 کلومیٹر طویل ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments