کے الیکٹرک مافیا سفید ہاتھی بن چکا ہے ،منعم ظفر خان
لوڈ شیڈنگ ناقابل برداشت ہوچکی ، بنیادی شہری مسائل مسلسل بڑھ رہے خیبرپختونخوا میں گورنر راج، ایمرجنسی مسائل کا حل نہیں،پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اتوار کو ادارہ نورحق میں کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کراچی کا تباہ حال انفرا اسٹرکچر اور دیگر عوامی مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ناقابل برداشت ہوچکی ہے ، کے الیکٹرک مافیا سفید ہاتھی بن چکا ہے ،کراچی میں بجلی، پانی، تباہ حال انفرااسٹرکچر، اسٹریٹ کرائمز اور تعلیم سمیت بنیادی شہری مسائل مسلسل بڑھ رہے ہیں لیکن حکومت اور متعلقہ ادارے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔
کے الیکٹرک کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ، بعض علاقوں میں 18,18گھنٹے بجلی بند رہتی ہے ، جبکہ بجلی کے پورے بل ادا کرنے والے صارفین بھی لوڈشیڈنگ سے محفوظ نہیں، کراچی کے شہری دن اور رات شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں، بجلی کی بندش سے پانی کی فراہمی متاثر ہوتی ہے اور بچوں، بزرگوں اور طلبہ سمیت ہر طبقہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے خلاف عوامی احتجاج بھی کیا جائے گا،خیبرپختونخوا میں گورنر راج، ایمرجنسی مسائل کا حل نہیں، سیاسی عمل کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جانا چاہیے تھا۔ دہشت گردی کا تدارک قومی سلامتی کے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments