تیسرے عالمی ثقافتی میلے کے انتظامات کیلئے جائزہ اجلاس
شرکاء کی سکیورٹی، ٹریفک کی روانی اور دیگر ضروری امور پر تبادلہ خیال ایئرپورٹ پر آنے والے تمام وفود کو شاندار پروٹوکول دیا جائے گا ،کمشنر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے آرٹس کونسل کا دورہ کیا، جہاں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس اہم دورے اور اجلاس میں 22 مختلف محکمہ جات کے اعلٰی عہدے داران بھی کمشنر کراچی کے ہمراہ موجود تھے ، جبکہ ڈپٹی کمشنر ملیر نے بھی آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی و غیر ملکی فنکاروں اور شرکاء کی سکیورٹی، ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات اور دیگر ضروری امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران صدر آرٹس کونسل نے بتایا کہ فیسٹیول کا آغاز ایک بہت بڑی قوالی سے کیا جا رہا ہے ، اور اس بار پوری دنیا کے فنکار کراچی آ رہے ہیں جس سے پورے پاکستان کی نمائندگی ہوگی۔ سندھ کے لیے ایک خصوصی مہران نائٹ جبکہ ایک ملک گیر سطح پر پاکستان نائٹ بھی منعقد کی جائے گی۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ ایئرپورٹ پر آنے والے تمام وفود کو شاندار پروٹوکول دیا جائے گا اور ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ پورے شہر بالخصوص ایونٹ کے مقامات کے اطراف میں صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے ،اس کے علاوہ کنٹونمنٹ بورڈز بھی اس ایونٹ کے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments