نیوی اہلکار کے قتل میں ملوث 3 مطلوب ملزمان گرفتار
منگھوپیر پولیس کا اجتماع گاہ روڈ پر مقابلہ، پستول اور موبائل فون برآمدگرفتار ملزمان عادی مجرم ، زیر استعمال موٹرسائیکل بھی چوری شدہ نکلی
کراچی(این این آئی) ویسٹ ڈسٹرکٹ کے علاقے اجتماع گاہ روڈ پر تھانہ منگھوپیر پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد نیوی اہلکار محمد ندیم کے قتل میں مطلوب تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں سے دو ملزمان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے ۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر سعید آباد میں نیوی اہلکار محمد ندیم کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس پر دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت راجہ ولد پریم عرف جان محمد، شارق عرف شہریار ولد رسول احمد اور صابر شاہ ولد اختر شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول، ایمونیشن، چلیدہ خول اور موبائل فون برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، جبکہ ان کے زیر استعمال موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی ہے ۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ تیسرے ملزم کو تھانے منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام نے کہا کہ ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل بھی تھانہ سرجانی کے علاقے سے چوری شدہ ہے ، جس کے حوالے سے مقدمہ تھانہ سرجانی میں درج ہے ۔ ملزمان اس سے قبل تھانہ سعید آباد اور تھانہ موچکو میں درج مختلف مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments