ایس آئی سی وی ڈی کا تاریخ ساز سنگ میل عبور
جنوری تا اکتوبر 1,626 مریضوں کے اوپن ہارٹ آپریشن بالکل مفت تشخیصی شعبے میں 19 لاکھ سے زائد ای سی جی اور لیبارٹری ٹیسٹ انجام
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (ایس آئی سی وی ڈی) نے صوبہ سندھ میں عوام کو مفت اور عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی میں ایک نیا تاریخ ساز سنگِ میل عبور کر لیا ہے ۔ادارے کی جانب سے جاری کردہ 10 ماہ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026ء کے دوران 22 ہزار 639 مریضوں کو دل کا دورہ پڑنے پر ہنگامی بنیادوں پر پرائمری اینجیو پلاسٹی اور اینجیو گرافی کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ اسی عرصے میں 1,626 مریضوں کے اوپن ہارٹ آپریشن بالکل مفت انجام دیے گئے۔ ترجمان کے مطابق 10 ماہ کے سروس سینسس کے تحت ایمرجنسی اور ٹریَج شعبہ جات میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 98 ہزار 401 مریضوں کی دیکھ بھال کی گئی، جبکہ 55 ہزار 846 شدید بیمار افراد کو اسپتال میں داخل کر کے ان پیشنٹ کیئر فراہم کی گئی۔
انجام دی گئی اوپن ہارٹ سرجریز میں 220 بچے اور 1,406 بالغ افراد شامل تھے ۔ اس کے علاوہ پیڈیاٹرک کارڈیالوجی میں 1,660 بچوں کے کیتھ لیب پروسیجرز اور 37 ہزار 679 بچوں کے ایکو کارڈیوگرام کیے گئے ۔تشخیصی شعبے میں 10 لاکھ سے زائد ای سی جی اور 9 لاکھ 75 ہزار سے زائد لیبارٹری ٹیسٹ انجام دیے گئے ، جو مجموعی طور پر 20 لاکھ کے قریب بنتے ہیں۔ ادارے کی نمایاں کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکبر سیال نے کہا کہ سینے میں درد یا دل کے دورے کے مریض کے لیے گھر کے قریب فوری اور معیاری علاج کی سہولت ملنا زندگی اور موت کا فرق ثابت ہو سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments