نوڈیرو:پرائمری اساتذہ کا دھرنا، 30نومبر کوبلاول ہاؤس پرہوگا
مطالبات منظوری کیلئے لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور کے اساتذہ شریکسروس اسٹرکچر، انیشل اپائنٹمنٹ، بائیومیٹرک ضلعی سطح پر برقرار رکھنے کامطالبہ
نوڈیرو (نمائندہ دنیا)پرائمری اساتذہ نے مطالبات کی منظوری کیلئے دھرنا دیا، 30 نومبر کو بلاول ہاؤس کراچی کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا گیا۔ پرائمری ٹیچرز اتحاد تعلقہ رتوڈیرو کی اپیل پر صوبائی صدر غلام رسول مہر کی قیادت میں لاڑکانہ، سکھر روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں لاڑکانہ ڈویژن کے اضلاع لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، بعد ازاں مرکزی رہنماؤں کی آمد پر ریلی نکالی گئی، جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار کے گیٹ نمبر 12 پر پہنچی، جہاں مزار انتظامیہ نے گیٹ بند رکھا اور مظاہرین کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی، اس موقع پر مزار کے باہر اساتذہ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے شکایت لیکر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر پہنچے تھے۔
تاہم انتظامیہ کی جانب سے گیٹ بند کرکے انہیں اندر جانے سے روکنا قابل مذمت ہے ، رہنماؤں غلام رسول مہر، صدرالدین عمرانی، حبیب بھٹو، اشفاق احمد دھامراہ اور ارشاد علی تنیو سمیت دیگر نے حکومت سے سروس اسٹرکچر، انیشل اپائنٹمنٹ اور بائیومیٹرک نظام کو ضلعی سطح پر برقرار رکھنے سمیت دیگر مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے اسمبلی فلور پر اساتذہ کے مطالبات تسلیم کرنے کی بات کی ہے ، لیکن تاحال کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ، بصورت دیگر 30 نومبر کو بلاول ہاؤس کراچی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments