اسکیم 33کی اراضی واگزار نہ ہوسکی، رپورٹ عدالت میں جمع

اسکیم 33کی اراضی واگزار نہ ہوسکی، رپورٹ عدالت میں جمع

عدالتی حکم پر چوتھی مرتبہ کارروائی، مختیار کار کی زمین کی نشاندہی سے معذرت تھانے میں نفری دستیاب نہیں ، اضافی پولیس فورس فراہم نہیں کی جاسکتی،رپورٹ

کراچی(این این آئی)اسکیم 33 میں 8 ایکڑ متنازع اراضی سے قبضہ ختم کرانے کے معاملے پر پولیس اور متعلقہ حکام کے عدم تعاون کی رپورٹ سینئر سول جج ملیر کی عدالت میں جمع کرا دی گئی۔عدالتی ناظر کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عدالتی حکم پر چوتھی مرتبہ متنازع زمین سے قبضہ ختم کرانے کے لیے کارروائی کی گئی، اس موقع پر مختیار کار اور ان کا اسسٹنٹ بھی موجود تھے ، تاہم مختیار کار نے زمین کی نشاندہی کرنے سے معذوری ظاہر کردی۔رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او سچل نے مؤقف اختیار کیا کہ تھانے میں نفری دستیاب نہیں اور اضافی پولیس فورس فراہم نہیں کی جاسکتی۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی آفس سے بھی اس حوالے سے کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث پولیس اور مختیار کار کے عدم تعاون کی وجہ سے زمین واگزار نہیں کرائی جاسکی۔واضح رہے کہ عدالت نے 15 روز قبل پولیس فورس کی مدد سے زمین کا قبضہ ختم کرانے کا حکم دیتے ہوئے ایس ایس پی کو نفری فراہم کرنے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ملیر کورٹ اس سے قبل بھی تین مرتبہ متنازع اراضی سے قبضہ ختم کرانے کا حکم دے چکی ہے ۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پولیس عدالتی احکامات کے باوجود زمین کا قبضہ ختم کرانے میں ناکام رہی جبکہ قبضہ کرنے والے مبینہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد رہا کردیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...