نئی سڑک میں لگے کھمبے طیاروں کے لیے بڑا خطرہ قرار

 نئی سڑک میں لگے کھمبے طیاروں کے لیے بڑا خطرہ قرار

اے ٹی سی کی کھمبوں کی اونچائی کم ، رات کے وقت لائٹس بند رکھنے کی سفارش انتظامیہ کامعاملے کی سنگینی کے پیش نظر معاملہ کے ایم سی کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ

کراچی(این این آئی)جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کے رن وے سے متصل گلستان جوہر اور شاہراہ فیصل کے درمیان تعمیر کی جانے والی نئی سڑک پر نصب اسٹریٹ لائٹس کے کھمبوں کو مسافر طیاروں کی محفوظ لینڈنگ کے لیے خطرہ قرار دے دیا گیا ۔ ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کراچی نے ممکنہ فضائی حادثے سے بچاؤ کے لیے پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے )کی انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کی تجاویز پیش کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق اے ٹی سی حکام کا کہنا ہے کہ رات کے وقت نئی سڑک پر نصب تیز روشنیاں اور قطار میں موجود کھمبے لینڈنگ کے لیے آنے والے پائلٹس کو رن وے کا منظر پیش کرتے ہیں جس سے طیاروں کی لینڈنگ کے دوران خطرناک صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔

اے ٹی سی نے تجویز دی ہے کہ سڑک پر نصب کھمبوں کی اونچائی فوری کم کی جائے اور رن وے کے عین سامنے طیاروں کی لینڈنگ کے راستے کو مکمل طور پر خالی رکھا جائے ۔ حکام نے خبردار کیا کہ حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو طیاروں کے کھمبوں سے ٹکرانے کا سنگین خطرہ موجود ہے ۔ذرائع کے مطابق اے ٹی سی نے فوری حفاظتی اقدام کے طور پر رات کے اوقات میں رن وے کے سامنے واقع نئی سڑک کے کھمبوں پر لگی روشنیاں بند رکھنے کی بھی سفارش کی ہے ۔ائرپورٹ انتظامیہ نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر نئی سڑک اور اس پر نصب کھمبوں کا مسئلہ کے ایم سی کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...