ذیابیطس سے بچاؤ کیلئے شعور اورآگاہی ناگزیر، گورنر سندھ
صحت مند طرزِ زندگی اور باقاعدہ طبی معائنہ ذیابیطس سے بچاؤ میں اہم ہےذہنی دباؤ سے اجتناب، مثبت سوچ اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا، نہال ہاشمی
کراچی(این این آئی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے شعور، آگاہی، احتیاط اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ضروری ہے ۔ بیماریوں سے بچاؤ کیلئے روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات اپنانے ، متوازن خوراک اور باقاعدہ طبی معائنے پر توجہ دینا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈایابیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام عالمی یومِ ذیابیطس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب ایک شام DAP کے نام سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ ذیابیطس محض ایک بیماری نہیں بلکہ ایک ایسا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے معاشرے میں آگاہی اور احتیاط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صحت مند معاشرہ ہی مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کی بنیاد ہوتا ہے ، اس لیے لوگوں کو متوازن طرزِ زندگی، مناسب غذا اور طبی معائنے کی اہمیت سے روشناس کرانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ذہنی دباؤ، غیر متوازن خوراک اور حسد، لالچ و غیبت جیسی منفی عادات سے اجتناب کے ساتھ مثبت سوچ، برداشت اور درگزر کو فروغ دینا بھی ضروری ہے ۔ ایک دوسرے کو معاف کرنے ، باہمی احترام اور خلوص جیسے رویے معاشرے میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ کے لیے آگاہی اور ترغیب پر مبنی تقاریر اور پروگرامز کا انعقاد بھی ضروری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments