بھاری گاڑیوں سے مزید 3 جاں بحق، رواں سال ٹریفک حادثات میں 832 اموات ہوگئیں

 بھاری گاڑیوں سے مزید 3 جاں بحق، رواں سال ٹریفک حادثات میں 832 اموات ہوگئیں

بلدیہ میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار خاتون جاں بحق، بیٹا زخمی، ڈرائیور گرفتار،سائٹ ایریا میں منی ٹرک سے نوجوان اور بھینس کالونی موڑ پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر خاتون چل بسی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے باعث مزید3افراد جاں بحق ہوگئے ، رواں سال ٹریفک حادثات میں اموات کی تعداد 832 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سپارکو روڈ پر تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو کچل دیا جس کے نتیجے میں خاتون شکیلہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہوگیا۔ شکیلہ اسپتال سے طبی معائنہ کروا کر بیٹے کے ہمراہ گھر واپس جارہی تھیں۔ پولیس نے واٹر ٹینکر تحویل میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب سائٹ ایریا میں ولیکا اسپتال چورنگی کے قریب منی ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔

علا وہ ازیں بھینس کالونی موڑ، بچہ جیل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔چھیپا ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کی لاش تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کردی۔ذرائع نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جس کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ حادثے میں ملوث نامعلوم گاڑی اور اس کے ڈرائیور سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال شہر قائد میں ٹریفک حادثات کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 832 ہوگئی ہے جب کہ ہیوی ٹریفک کے حادثات میں اب تک 245 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...