سانگھڑ:صفائی کے ناقص نظام سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ

سانگھڑ:صفائی کے ناقص نظام سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ

شہر کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر، سیوریج پانی بھی جمع، شہری پریشانملیریا سمیت دیگر بیماریوں کے خدشات بڑھ گئے ، اسپرے مہم چلانے کا مطالبہ

سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)میونسپل کمیٹی کا کروڑوں روپے بجٹ ہونے کے باوجود شہر میں صفائی کا نظام بدستور خراب ہے، جس سے مچھروں کی تیزی سے افزائش ہونے لگی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی سانگھڑ کا ماہانہ کروڑوں روپے کا بجٹ مختص ہونے کے باوجود شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر نہ ہوسکی، مختلف علاقوں میں گندگی، کچرے کے ڈھیروں اور کھڑے پانی کے باعث مچھروں کی افزائش میں تیزی سے اضافہ ہوگیا، جس سے شہریوں خصوصاً بچوں اور بزرگوں میں ملیریا سمیت دیگر بیماریوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق میونسپل کمیٹی کی جانب سے چند روز قبل شہر کے ایک مخصوص علاقے میں مچھر مار اسپرے کیا گیا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی جاری کی گئیں، تاہم دیگر علاقوں میں تاحال مؤثر اسپرے مہم شروع نہیں کی جاسکی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف ایک علاقے میں اسپرے کافی نہیں بلکہ پورے شہر میں یکساں بنیادوں پر اسپرے اور صفائی کی ضرورت ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ، ضلعی انتظامیہ اور چیئرمین میونسپل کمیٹی راشد اسلام مغل سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں فوری مچھر مار اسپرے مہم شروع کی جائے ، کچرے کے ڈھیر اٹھائے جائیں اور نالوں کی صفائی سمیت نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے ۔ شہریوں نے اسپرے مہم کا شیڈول بھی عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کروڑوں روپے کے بجٹ کے باوجود شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...