حیدر آباد:ایجوکیشن ملازمین 39ماہ کی تنخواہوں سے محروم
گریڈ 4تک کے ملازمین کوادائیگی نہیں کی گئی، ایک ملازم کی خود سوزی کوششگھروں میں فاقوں جیسی نوبت آگئی، بلاول، وزیراعلیٰ ودیگر سے نوٹس کی اپیل
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)محکمہ تعلیم حیدرآباد میں تعینات گریڈ ایک سے چار کے ملازمین نے 39 ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے سید معظم شاہ، حاکم زرداری، عمران گل، عبداﷲ پالاری اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کرکے نعرے بازی کی۔ مظاہرے کے دوران ایک ملازم عمران گل نے اپنے اوپر پیٹرول چھڑک کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود دیگر ملازمین نے اسے بچالیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے سال 2023 میں ہمیں محکمہ تعلیم حیدرآباد میں گریڈ ایک سے چار کی ملازمتیں فراہم کی تھیں، جس کے بعد محکمہ تعلیم نے تمام ملازمین کو مختلف اسکولوں اور دفاتر میں تعینات کرکے جوائننگ بھی دے دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سال 2023 سے محکمہ تعلیم میں مسلسل فرائض انجام دے رہے ہیں، لیکن 39 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ہمارے گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران سمیت صوبائی انتظامیہ کے سامنے بارہا شکایات کرنے کے باوجود تنخواہیں جاری نہیں کی جارہیں۔ ایک طرف سندھ سمیت پورے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے تو دوسری جانب تنخواہیں روکنا ملازمین کو خودکشی پر مجبور کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ، وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ اور سیکریٹری تعلیم سندھ سے اپیل کی کہ 39 ماہ کی تنخواہیں جاری کرکے ملازمین کو معاشی بدحالی سے بچایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments