سندھ کے ساتھ ہمارے جماعتی، نظریاتی تعلقات، فیصل ممتاز راٹھور
پیپلز پارٹی نے کشمیر میں حالات بہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے ، سابق وزیراعظم7ماہ کی حکومت کوذمہ داری سمجھ کرنبھایا، میرپور خاص پریس کلب میں استقبالیہ
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھوڑ نے کہا ہے کہ سندھ کے ساتھ ہمارے جماعتی اور نظریاتی تعلقات ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے کشمیر میں حالات بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں میرپورخاص پریس کلب میں اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلز پارٹی غازیوں اور شہیدوں کی جماعت ہے ، جس نے ریاست اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بعد کشمیر وہ خطہ ہے جہاں پاکستان پیپلز پارٹی سب سے زیادہ مضبوط ہے ۔ کشمیر میں پیپلز پارٹی کو سات ماہ حکومت کرنے کا موقع ملا، جسے ہم نے حکومت نہیں بلکہ ذمہ داری سمجھ کر نبھایا۔ اس دوران ہمیں کئی مشکل اہداف دیے گئے جنہیں پورا کیا، سیاحت، سڑکوں کے انفرا اسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری لانے کے ساتھ حالات کو معمول پر لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خدمات کا نتیجہ ہے کہ کشمیر میں ہمیں 14 نشستیں ملیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، جس کی بہتری کیلئے بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر نذیر پنہور نے مہمانوں کا استقبال کیا، اور انہیں سندھ کی ثقافتی سوغات اجرک پیش کی۔ تقریب میں سابق وزیراعظم کے ہمراہ راحیل ملک، عقیل رہنما، عدیل قریشی اور میرپورخاص کی معروف سماجی شخصیت حاجی محمد علی بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments