گھرکی ہسپتال 600بستروں پر مشتمل ایک مکمل ہسپتال:عامر عزیز
بین الاقوامی طرز کے آپریشن تھیٹرز جرمنی سے منگوائے گئے ،علاج کیلئے ماہانہ 5 کروڑ درکارحکومت ، مخیر حضرات ہسپتال کی مدد کریں :چیئرمین گھرکی ٹرسٹ ہسپتال کی ’’دنیا‘‘سے گفتگو
لاہور(سٹاف رپورٹر)گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال میں پاکستان کا پہلا سپائن سنٹر کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اب کینسر کے مریضوں کے لیے سائبر نائف روبوٹک ریڈیو سرجری سسٹم کے قیام بھی اس ادارے کی توسیع و ترقیاتی منصوبے کی ایک کڑی ہے ۔ان خیالا ت اظہار چیئرمین گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز نے روزنامہ ‘‘دنیا’’ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فلاح انسانیت کی خاطر آئی کیمپ سے شروع کیے جانے والا یہ پودا آج تناور درخت کی شکل اختیار کر چکا ہے ۔ آج گھرکی ہسپتال 600بستروں پر مشتمل ایک مکمل ہسپتال ہے ۔ سپا ئن سنٹر میں بین الاقوامی طرز کے مزید 5 آپریشن تھیٹرز کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔ بین الاقوامی طرز کے یہ آپریشن تھیٹرز جرمنی سے منگوائے گئے ہیں ۔ ہمارے تخمینے کے مطابق صرف علاج معالجے کے لیے ماہا نہ پانچ کروڑ روپے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے حکومت سمیت ملک کے تمام مخیرحضرات سے اپیل کی ہے کہ ہمار ا ادارہ اپنے قیام سے ہی مریضوں کے لیے مختلف مدات میں فنڈ ز کا انتظام کر کے ان کے مفت علاج کا بندوبست کر رہاہے ۔اب کینسر کے مریضوں کے لیے سائبر نائف روبوٹک ریڈیو سرجری سسٹم کے منزل مقصود تک پہنچا نے میں گھرکی ہسپتال کی مدد کریں ۔