لعل شہبازقلندرانڈرپاس:ملحقہ سڑکیں تعمیرنہ ہونے سے شہری پریشان

لعل شہبازقلندرانڈرپاس:ملحقہ سڑکیں تعمیرنہ ہونے سے شہری پریشان

سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم ڈالنے کے بعدایل ڈی اے سڑکیں بنانا بھول گئی، انڈر پاس سے مکہ کالونی جانیوالی سڑک بند، سروس روڈ پر پانچ فٹ تک سریے باہر سیوریج مین ہولز پر تعمیراتی کام ادھورا ، واٹر سپلائی کا کنکشن بھی مرکزی لائن سے نہ ہوسکا، 2ہفتوں میں سڑکیں بنالیں گے :چیف انجینئر ایل ڈی اے

لاہور (شیخ زین العابدین)8 ماہ بعد بھی فردوس مارکیٹ کے مقام پر لعل شہباز قلندر انڈر پاس منصوبہ ادھورا ہے ، سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم ڈالنے کے بعد سڑکوں کو تعمیر ہی نہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ادھورے انڈر پاس کے سبب فردوس مارکیٹ سے ملحقہ آبادیوں کے مسائل بڑھ گئے ، انڈر پاس کی تعمیر کے ساتھ ملحقہ علاقوں کا سیور اور واٹر سپلائی سسٹم اپ گریڈ کا منصوبہ بنایا گیا، ایل ڈی اے نے انڈر پاس سے ملحقہ گلبرگ جے بلاک اور مکہ کالونی جانے والے راستے پر نیا پانی کا سسٹم بچھایا مگر واٹر سپلائی لائنیں بچھانے کے بعد ایل ڈی اے سڑکیں بنانا بھول گئی۔ انڈر پاس سے مکہ کالونی جانے والی سڑک مکمل طور پر بند ہے ۔مکہ کالونی گلبرگ جانے والی سروس روڈ پر پانچ فٹ تک سریے باہر نکلے ہوئے ہیں، سیوریج کے لیے بنائے گئے مین ہولز پر تعمیراتی کام ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ انڈر پاس سے ماڈل کالونی، مکہ کالونی اور جے بلاک گلبرگ آنے والی سڑک کو مکمل طور پر ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا ہے ، ایل ڈی اے انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے سبب نئی واٹر سپلائی لائن کا کنکشن بھی مرکزی لائن سے نہ ہوسکا۔10 کروڑ کے فنڈز لگنے کے باوجود عوام کو سہولت میسر نہ آسکی، ادھورے انڈر پاس پر لوگوں کا کہنا تھا سڑکوں سے گزرنا ناممکن ہوچکا ہے ، حکومت اس علاقے پر کوئی ترس کھائے ۔ کنٹریکٹر کو شکایت کرتے ہیں تو وہ کہتا ہے کہ حکومت پیسے نہیں دے رہی اور اگر ایل ڈی اے کو شکایات درج کرائیں تو وہاں شنوائی نہیں ہوتی۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے عبدالرزاق چوہان کا کہنا ہے کہ مکہ کالونی جانیوالی سڑک کو مکمل کرنے کیلئے کنٹریکٹر کو ہدایت کر دی ، پندرہ سے بیس روز میں انڈر پاس سے ملحقہ سڑکیں بھی تعمیر کر لیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں